ماسکو: وزیر اعظم نریندر مودی کو منگل کو روس کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز ‘آرڈر آف سینٹ اینڈریو دی اپوسٹل’ سے نوازا گیا۔ وزیراعظم مودی کو ملنے والا یہ ایوارڈ اس بات کا ثبوت ہے کہ انہوں نے روس اور ہندوستان کے درمیان خصوصی اسٹریٹجک شراکت داری کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔
وزیر اعظم مودی روس کے دو روزہ دورے پر پیر کو ماسکو پہنچے تھے، جہاں انہوں نے صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ کئی اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔ 1698 میں زار پیٹر دی گریٹ نے سینٹ اینڈریو کے اعزاز میں قائم کیا تھا ۔ آرڈر آف سینٹ اینڈریو دی ایپوسٹل سے سب سے شاندار سول یا ملٹری میرٹ کیلئے نوازا جاتا ہے۔
2019 میں ہندوستان میں روسی سفارت خانے نے اعلان کیا تھا کہ 12 اپریل کو نریندر مودی کو روس اور ہندوستان کے درمیان خصوصی اور اسٹریٹجک پارٹنرشپ اور روسی اور ہندوستانی عوام کے درمیان دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے میں غیر معمولی خدمات کے لیے آرڈر آف سینٹ اینڈریو دی ایپوسٹل سے نوازا گیا تھا ۔
اس سے پہلے کریملن میں صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ دو طرفہ ملاقات میں وزیراعظم مودی نے یوکرین جنگ کے تناظر میں کہا کہ ہماری آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کے لیے امن انتہائی اہمیت کا حامل ہے، لیکن میں یہ بھی جانتا ہوں کہ میدان جنگ میں حل ممکن نہیں ہوتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان امن کی بحالی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ میں آپ کو اور عالمی برادری کو یقین دلاتا ہوں کہ ہندوستان امن کا حامی ہے۔ امن کے بارے میں اپنے دوست پوتن کی بات سن کر مجھے امید ملتی ہے۔ میں اپنے میڈیا دوستوں کو بتانا چاہوں گا کہ یہ ممکن ہے۔