اتراکھنڈ کے ہلدوانی کے بن بھول پورہ میں حالات معمول پر آ رہے ہیں اور پولیس نے کرفیو میں نرمی کرنا شروع کر دی ہے۔ لیکن اسی دوران یہ خبر بھی آئی ہے کہ پولیس کی کارروائی کے خوف سے لوگ اب نقل مکانی کر رہے ہیں اور سینکڑوں خاندان اپنا گھر بار چھوڑ کر دوسرے شہروں میں چلے گئے۔
ہندی اخبار ’امر اُجالا‘ کی رپورٹ کے مطابق بن بھول پورہ میں اب تک تقریباً 300 خاندان اپنے گھروں کو تالے لگا کر یوپی کے مختلف شہروں میں چلے گئے ہیں۔ نقل مکانی کا عمل فی الحال جاری ہے۔ اتوار کی صبح (11 فروری 2024) کو بھی بہت سے لوگوں کو نقل مکانی کرتے دیکھا گیا۔
خبر میں بتایا گیا ہے کہ مقامی پولیس نے فسادات کے سلسلے میں تفتیش کے لیے سنیچر کو بن بھول پورہ علاقے سے کئی لوگوں کو حراست میں لیا تھا۔ اس دوران پولیس پر طاقت کے استعمال کا الزام بھی لگایا گیا ہے۔ اتوار کی صبح 5 بجے سے ہی بریلی روڈ پر کئی خاندانوں کو نقل مکانی کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ وہ 15 کلومیٹر پیدل سفر کرکے لال کنواں پہنچے۔
واضح رہے کہ ہلدوانی پولیس نے اس معاملے میں اب تک 25 لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ ان کے خلاف فساد، ڈکیتی، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور قتل سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ایس ایس پی پرہلاد نارائن مینا نے بتایا کہ شرپسندوں کے خلاف تین مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ تقریباً 5000 افراد کے خلاف کیس درج کیا گیا۔ تشدد میں ملوث تمام ملزمین کی تلاش کی جا رہی ہے۔