مظفرنگر: مودی حکومت نے جمعہ کے دن بھارت رتن دینے کے لئے تین افراد کے ناموں کا اعلان کیا، جن میں سابق وزیراعظم چرن سنگھ، پی وی نرسمہا راؤ اور ڈاکٹر سوامی ناتھن شامل ہیں۔ چودھری چرن سنگھ کو بھارت رتن سے نوازے جانے کے اعلان پر بھارتیہ کسان یونین (بی کے یو) کے قومی ترجمان راکیش ٹکیت نے ردعمل ظاہر کیا۔
انہوں نے کہا، ’’کسانوں کا یہ کافی پرانا مطالبہ تھا کہ ’کسانوں کے مسیحا‘ اور سابق وزیر اعظم چودھری چرن سنگھ کو بھارت رتن دیا جائے۔ آج وہ مطالبہ پورا ہوا۔ اس کے ساتھ ہی ڈاکٹر سوامی ناتھن اور پی وی نرسمہا راؤ کو بھی بھارت رتن دیا گیا ہے۔‘‘
ٹکیت نے مزید کہا، ’’ہم حکومت ہند کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں اور ڈبل شکریہ بھی ادا کر دیں گے اگر ڈاکٹر سوامی ناتھن کمیشن کی سفارشات پر بھی عمل درآمد کی جائے، جس کا انتظار کسانوں کو طویل عرصے سے ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے اقتدار میں آنے سے پہلے اپنے منشور میں ڈاکٹر سوامی ناتھن کمیٹی کی رپورٹ نافذ کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ بی جے پی نے ملک میں اپنی حکومت بنائی لیکن آج تک سفارشات نافذ نہیں کی گئیں۔
راکیش ٹکیت نے کہا کہ کسانوں کی فصلیں سستے داموں لوٹی جا رہی ہیں، دہلی میں 13 مہینے تک کسانوں کا دھرنا جاری رہا، ملک میں ایم ایس پی گارنٹی قانون ایک بڑا مسئلہ ہے، جسے نافذ کیا جانا چاہیے۔ لوک سبھا انتخابات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہم سیاسی لوگ نہیں ہیں، اس کا عوام خود فیصلہ کریں گے کہ ووٹ دینا ہے یا نہیں دینا۔